نیتن یاہو سے بات چیت نہیں ہو سکتی: صدر رجب طیب اردوغان
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں کی وجہ سے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے رابطہ ختم کر دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ترکیہ میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رجب طیب اردوغان نے سنیچر کو کہا کہ ’نیتن یاہو سے ہم بات نہیں کریں گے۔ ان سے بات چیت خارج از امکان ہے۔‘ ترکیہ کے صدر کے بیان سے ایک ہفتہ قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ انقرہ سے اپنے تعلقات کا ’دوبارہ سے جائزہ‘ لے رہا ہے کیونکہ اسرائیل اور حماس کی جنگ کے حوالے سے ترکیہ کے بیانات کافی جارحانہ ہیں۔ اسرائیل ترکیہ سمیت دوسرے علاقائی ممالک سے سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اپنے سفارت کاروں کو بھی واپس بلا چکا ہے۔ گذشتہ مہینے سات اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق تقریباً 14 سو افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت شہریوں کی تھی اور 240 افراد کو یرغمال بنا لیا گیا۔ حماس کے حملے کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے غزہ کے سب سے بڑے شہر کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور وہ حماس کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری اور زمی...